وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی، وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں پوشیدہ ہے۔
اسلام آباد میں بلوچستان ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صوبوں کے درمیان اتفاق رائے پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے، ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں صوبوں کے مکین ہیں، ہم سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے ہر روز امن کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، انہیں ترقی میں برابر شریک ہونا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ کیا وجوہات ہیں جن کی بنا پر بے امنی پیدا ہوئی؟ اتحاد ، محبت اور عزم سے بلوچستان سے پشاور تک ترقی ممکن ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خونی روڈ کو امن کی سڑک میں تبدیل کردیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان ہیں، پاکستان فیملی ہے۔ امن، اتحاد اور بھائی چارہ ہی ترقی کی ضمانت ہے، انشا اللّٰہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔