معروف گلوکار فلک شبیر نے موسیقی کے مشہور رئیلٹی شو پاکستان آئیڈل کے حق میں بیان دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
پاکستان آئیڈل کا نیا سیزن حال ہی میں نشر ہونا شروع ہوا ہے، یہ شو اپنے ججز پینل کے باعث تنازعات کا شکار ہے، شو کے جج فواد خان کو اس بنیاد پر تنقید کا سامنا ہے کہ وہ خود گلوکاری میں کمزور سمجھے جاتے ہیں مگر دوسروں کی آواز پر فیصلہ سنا رہے ہیں۔
کئی معروف گلوکاروں بشمول سجاد علی، حمیرا ارشد اور ملکو نے اس شو کو کم معیار اور کم بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ججز پینل اور گانے کے انتخاب میں بہتری کی ضرورت ہے۔
تاہم، دوسری جانب ساحر علی بگا اور فلک شبیر جیسے فنکاروں نے پاکستان آئیڈل کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔
حال ہی میں فلک شبیر نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ وہ پاکستان آئیڈل کے تمام شرکاء کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ ان کے تمام گانے مقابلے میں گا سکتے ہیں۔
گلوکار نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں پاکستان آئیڈل کو اجازت دیتا ہوں کہ وہ میرے تمام گانے استعمال کرے تاکہ ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو پلیٹ فارم ملے اور وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں، میں پاکستان آئیڈل کے ججز اور تمام باصلاحیت شرکاء کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔
فلک شبیر کے اس جذبے کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے، مداحوں نے ان کی فیاضی اور بڑے دل کی تعریف کرتے ہوئے کہا یہ شخص واقعی بڑے دل والا ہے، ایک صارف نے لکھا دیگر گلوکاروں کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔
کچھ مداحوں کا کہنا تھا کہ فلک شبیر کا یہ بیان دراصل سجاد علی کے ردِعمل میں آیا ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’ہمیں اجتماعی سوچ اپنانی چاہیے اور فلک شبیر کی طرح مثبت رویہ رکھنا چاہیے‘، جبکہ ایک اور نے کہا، ’جن کے دل چھوٹے ہیں وہ پاکستان آئیڈل کے خلاف شور مچا رہے ہیں، وہ صرف اپنا کام بیچنا چاہتے ہیں۔‘