وفاقی حکومت نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) اجلاس بلانے کے لیے دوسری مرتبہ صوبوں سے رائے مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے 10 نومبر کو این ایف سی کا اجلاس بلانے کے لیے صوبوں سے رائے طلب کی تھی، جس پر تین صوبوں نے اجلاس میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی تھی، جبکہ ایک صوبے نے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اب چاروں صوبوں سے 18 نومبر کو اجلاس بلانے پر رائے طلب کی ہے، دو صوبوں نے 18 نومبر کے اجلاس میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی ہے، جبکہ دو صوبوں کی جانب سے جواب آنا باقی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی دو صوبے مزید اجلاس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کریں گے تو اجلاس طلب کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، وزارت خزانہ اس سلسلے میں این ایف سی اجلاس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرے گی۔