متحدہ عرب امارات میں آج یومِ پرچم قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اماراتی پرچم کی توہین یا اس کے غلط استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
دبئی حکام کے مطابق پرچم کی توہین پر 25 سال قید اور 5 لاکھ درہم تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 کروڑ 78 لاکھ روپے بنتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اماراتی پرچم کے ڈیزائن کو کیک، غباروں یا تجارتی اشیاء پر آویزاں کرنا توہین کے زمرے میں آتا ہے، اسی طرح قومی پرچم کا اشتہارات یا کاروباری مقاصد کے لیے استعمال بھی غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔
امارات بھر میں فلیگ ڈے کے موقع پر شہریوں نے متحدہ عرب امارات سے اپنی وفاداری، اتحاد اور حب الوطنی کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر سرکاری و نجی عمارتوں پر اماراتی پرچم لہرائے گئے اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔