پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار دانش نواز نے پاک بھارت جنگ اور سیلاب کے دوران ڈرامے کی شوٹنگ کرنے کا تجربہ بتادیا۔
دانش نواز نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے رمضان اسپیشل ڈراموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اب میں رمضان اسپیشل ڈراموں کی ہدایت کاری نہیں کر رہا کیونکہ ڈرامے کی شوٹنگ کی وجہ سے عبادت کا وقت کم ملتا ہے۔
دانش نواز نے مزید بتایا کہ ڈراموں کی شوٹنگ کب تک مکمل ہو جائے گی اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا تو اس لیے اب میں رمضان اسپیشل ڈرامے نہیں بنارہا جیسے اب جب ہم ڈرامہ سیریل ’سانول یار پیا‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے تو پاک بھارت جنگ شروع ہوگئی اور پھر سیلاب بھی آگیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے سیٹ پر ہر ایک فکر مند تھا خاص طور پر درفشاں سلیم جو لاہور سے کراچی میں شوٹنگ کے لیے آئی ہوئی تھیں جبکہ ان کی فیملی لاہور میں تھی اور لاہور میں تب ڈرون گر رہے تھے تو وہ پریشان تھیں لیکن پھر بھی انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ مکمل کروائی اور اب ڈرامہ نشر ہو رہا ہے۔
دانش نواز نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران بڑی عجیب سی صورتحال ہوگئی تھی ایک طرف ڈرون گر رہے ہیں اور دوسری طرف لوگ مزے سے ڈرون دیکھنے جا رہے ہیں کہ کہاں گرے ہیں اور کیسے ہیں؟ تو اس دوران شوٹنگ کا بڑا انوکھا تجربہ تھا۔