انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعے کی نماز کے دوران ایک ہائی اسکول کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 54 افراد زخمی ہو گئے، جن میں زیادہ تر طلبہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ شمالی جکارتہ کے علاقے کلاپا گاڈِنگ میں واقع سرکاری اسکول کی مسجد میں پیش آیا، جو بحریہ کے ایک کمپاؤنڈ کے اندر واقع ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی خطبۂ جمعہ شروع ہوا، دو زور دار دھماکوں کی آواز سنی گئی، جس کے بعد نمازیوں میں بھگدڑ مچ گئی، موقع پر دھواں پھیل گیا اور لوگ خوفزدہ ہو کر مسجد سے باہر نکل آئے۔
جکارتہ پولیس کے چیف نے بتایا ہے کہ زیادہ تر زخمیوں کو شیشے کے ٹکڑوں اور ملبے سے زخم آئے ہیں۔
متعدد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، تاہم تقریباً 20 طلبہ تاحال زیرِ علاج ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق فوری طور پر دھماکے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔