• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منفی تبصروں سے کاروبار متاثر ہونے پر صحیفہ جبار رو پڑیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صحیفہ جبار جعلی ریویوز سے کاروبار متاثر ہونے پر رو پڑیں۔

صحیفہ جبار اداکاری کرنے کے علاوہ لاہور میں اپنا ایک ریسٹورنٹ بھی چلا رہی ہیں۔

اُنہوں نے حال ہی میں اپنے ریسٹورنٹ کے لیے ملازمین کی تلاش میں دشواری کا سامنا کرنے پر ایک متنازع بیان دیا تھا۔

اداکارہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میں اب صرف پشتون ورکرز چاہتی ہوں کیونکہ میں اب پنجابی اور اردو بولنے والے ورکرز پر بھروسہ نہیں کر سکتی۔

اس متنازع بیان کی وجہ سے اُنہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا پھر لوگوں نے گوگل پر ان کے ریسٹورنٹ کے بارے میں منفی تبصرے کرنے شروع کر دیے اور ان کے ریسٹورنٹ کی ریٹنگ گر گئی۔

اب صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں اُنہیں گوگل پر ریسٹورنٹ کی ریٹنگ گرنے سے کاروبار متاثر ہونے پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے ریسٹورنٹ میں خود پیزا بیچا اور جتنے لوگ ریسٹورنٹ میں آئے سب بہت خوش ہوئے، تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ رات کے 3 بجے اچانک گوگل پر لوگوں نے ریسٹورنٹ کے بارے میں منفی تبصرے کرنے شروع کر دیے۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ سب جعلی ریویوز ہیں، آپ لوگ سامنے والے توڑنے کی کوشش کرتے ہیں اور ابھی آپ لوگ صرف مجھے توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے روتے ہوئے کہا کہ پھر لوگ کہتے اس ملک میں اتنا کچھ ہے، اس ملک میں صرف اور صرف چوری ہے، اس ملک میں اگر ایک عورت کاروبار کرنا چاہتی ہے تو چھوٹی سوچ کے لوگ اسے تنگ کرنے لگتے ہیں، باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ عورت کبھی اپنے پیروں پر کھڑی نہ ہو بلکہ ہمیشہ ایک مرد پر انحصار کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید