• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توانائی شعبے کا گردشی قرض، 659 اعشاریہ 6 ارب کی حکومتی گارنٹی کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے توانائی شعبے کے گردشی قرض کےلیے 659 اعشاریہ 6 ارب کی حکومتی گارنٹی کی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں توانائی شعبے میں اصلاحات اور بقایاجات کے تصفیے کا فریم ورک منظور کیا گیا۔

ای سی سی اجلاس میں پاور پلانٹس، بجلی گھروں، او جی ڈی سی ایل اور سوئی ناردرن کے واجبات کے تصفیے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں توانائی شعبے کی مالی پائیداری اور لاگت میں کمی کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا جبکہ توانائی شعبے کے گردشی قرض کےلیے 659 اعشاریہ 6 ارب کی حکومتی گارنٹی کی منظوری دی۔ گارنٹی پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے قرضوں اور آئی پی پیز کو ادائیگیوں کے لیے جاری کی جائے گی۔

اجلاس میں بیرون ملک ترسیلات پر دی جانے والی مراعات کے بتدریج خاتمے کی منظوری دی گئی اور کہا گیا کہ ریمیٹنس اسکیمز کا خاتمہ مرحلہ وار اور اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزارت غذائی تحفظ کو زرعی تحقیق کےلیے فنڈز کی اندرونی منتقلی کی اجازت اور وزارت داخلہ کےلیے 96 کروڑ سے زائد کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ 

ای سی سی اجلاس میں وزارت بحری کی پی آئی بی ٹی کے استعمال سے متعلق سمری موخر، سی ڈی اے سے پی ڈبلیو ڈی کے عملے کے مستقبل سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی۔

اجلاس میں کھاد کارخانوں کےلیے مارڈی گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی اور قیمتوں کے تعین کی منظوری دی۔

قومی خبریں سے مزید