وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کل ہمیں بلایا تھا ہمیں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لیا اور مشورہ کیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ وہ آرٹیکل 140 اے کو 27ویں ترمیم میں شامل کر رہے ہیں، 18ویں ترمیم میں اختیارات اور وسائل صوبوں کو چلے گئے اور وزیراعلیٰ کے پاس جا کر پارک ہو گئے۔
انھوں نے کہا کہ وفاق سے پیسہ صوبے کو جاتا ہے، صوبے سے ڈسٹرکٹ کو نہیں جاتا، ہماری آئینی ترمیم 25 کروڑ لوگوں کی زندگی کو بدلے گی، پاکستان کو چلائے اور بچائے گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا ہم جب حکومت میں شامل ہوئے تو صرف ون پوائنٹ ایجنڈے پر حکومت کا ساتھ دیا تھا، مسلم لیگ ن نے ہمارے ساتھ ایک دستاویز پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ جب تک اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک نہیں پہنچائیں گے ترقی نہیں ہوتی، یہ ہمارا یا کسی پارٹی کا مسئلہ نہیں ہے یہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔