کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کے دو ارب پتی افراد، اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین اور کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم کوائن بیس کے شریک بانی برائن آرمسٹرانگ کی مالی معاونت سے قائم امریکی بایوٹیک کمپنی خفیہ طور پر ایسے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد جینیاتی طور پر تیار کردہ ’’ڈیزائنر بچے‘‘ پیدا کرنا ہے۔ سان فرانسسکو میں قائم اس اسٹارٹ اپ کمپنی کا نام ’’پریوینٹو‘‘ ہے جسے رواں سال جین ایڈیٹنگ کے ماہر لوکاس ہیرنگٹن نے قائم کیا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ پیدائش سے پہلے انسانی جنین میں جینیاتی تبدیلی کے ذریعے موروثی بیماریوں کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اگرچہ جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال دنیا بھر میں بالغ افراد کے علاج کیلئے کیا جا رہا ہے، تاہم بچوں کی تخلیق سے قبل جنین میں تبدیلی کرنے پر امریکا سمیت کئی ممالک میں پابندی عائد ہے۔