• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈوب کر جاں بحق ڈاؤ یونیورسٹی کے 2 طالبعلم سپردِ خاک، ایک کی میت ٹوبہ ٹیک سنگھ روانہ کردی گئی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے فائنل ایئر کے طالبعلم احمد کاشف رسول اور اشہد عباس فاطمی کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کردی گئی۔ 

احمد کاشف رسول کی نماز جنازہ ڈی ایچ اے فیز ون کی مسجد مصطفیٰ میں ادا کی گئی، بعد ازاں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ اور تدفین میں ڈاؤ کے اساتذہ، طلبہ اور عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

اشہد عباس فاطمی کی نماز جنازہ کنٹری گارڈن اپارٹمنٹ گلستان جوہر کی مسجد میں ادا کی گئی جبکہ اشارب منیر چوہدری کی میت ٹوبہ ٹیک سنگھ روانہ کردی گئی۔ 

جمعرات کو ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں سوگ کی کیفیت رہی اور طالب علم افسردہ دکھائی دیے۔

ڈاؤ یونیورسٹی کی وائس پرنسپل ڈاکٹر صباء سہیل کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور اساتذہ ڈوب کر جاں بحق ہونے والے طالب علم کی تعزیت کے لیے جمعے کو ان کے گھر پر جائیں گے اور اہلِ خانہ سے تعزیت کریں گے جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے جاں بحق ہونے والے طلبہ کے لیے جمعے کے روز تعزیتی اجلاس معین آڈیٹوریم میں صبح 9 بجے ہو گا۔

علاوہ ازیں واقعے میں بچ جانے والے 3 طلبہ کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں 2 طلبہ رضوان اور ربیع کو طبی امداد دے کر داخل کر لیا گیا ہے جبکہ ایک طالب علم عبدالمجید کو میڈیکل آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نازلی حسین نے زیرِ علاج طلبہ کی طبی نگہداشت کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ سول اسپتال کی انتظامیہ ان کی خصوصی نگہداشت کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید