• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران و قطر کا پاک افغان کشیدگی پر اظہارِ تشویش

—تصویر بشکریہ ایرانی وزارتِ خارجہ
—تصویر بشکریہ ایرانی وزارتِ خارجہ

پاک افغان کشیدگی پر ایرانی وزیرِ خارجہ نے روسی و قطری ہم منصبوں سے رابطہ کیا ہے۔

ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی اور قطری وزرائے خارجہ عباس عراقچی اور شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے علاقائی ممالک کی مسلسل مثبت اور مصالحتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی صورتِ حال پر بھی بات کی۔

علاوہ ازیں روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر بات کی۔

روسی وزارتِ خارجہ کے مطاق سرگئی لاروف اور عباس عراقچی نے افغانستان و پاکستان پر اختلافات سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا۔

روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی و استحکام کے لیے پاکستان اور افغانستان پر بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کیا اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے تعمیری علاقائی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ عباس عراقچی نے علاقائی ممالک کے درمیان مذاکرات اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور بھی دیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید