کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارا نظامِ شمسی کائنات میں پہلے اندازے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ تیزی سے حرکت کر رہا ہے۔ یہ نتیجہ ریڈیو کہکشاؤں کے مطالعے سے سامنے آیا ہے۔ ریڈیو کہکشائیں ایسی کہکشائیں ہیں جو روشنی کے بجائے زیادہ تر توانائی ریڈیو لہروں کی شکل میں خارج کرتی ہیں۔ آسان الفاظ میں، جیسے کوئی شہر شور مچاتا ہے اور وہ شور دور دور تک سنائی دیتا ہے، اسی طرح ریڈیو کہکشائیں کائنات میں اپنی توانائی ریڈیو لہروں کی صورت میں بھیجتی ہیں۔ یہ شور زمین پر ریڈیو دوربینوں سے دیکھا اور ناپا جا سکتا ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، ماہرین فلکیات کی رائے ہے کہ ریڈیو کہکشاؤں میں اس غیر معمولی تقسیم کی وجہ سے شمسی نظام کی تیز رفتار حرکت سامنے آئی ہے۔ یہ دریافت روایتی کائناتی ماڈل کیلئے ایک سوال پیدا کرتی ہے، کیونکہ موجودہ نظریات کے مطابق کائنات میں مادہ کافی یکساں طریقے سے منقسم ہونا چاہئے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ شاید ریڈیو کہکشائیں سابقہ رائے کے مقابلے میں کم یکساں ہوں، یا پھر ہمارے موجودہ نظریات میں کچھ تبدیلی کی ضرورت ہے۔