معروف اداکارہ اور ماڈل نازش جہانگیر نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے بار بار بے وجہ تنازعات میں گھسیٹا جاتا ہے، جس کے باعث میں خود کو کبھی کبھی ’پاکستانی کنگنا رناوت‘ محسوس کرنے لگتی ہوں۔
ایک موقع پر حالیہ گفتگو میں نازش نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کچھ بھی کہہ دوں، اسے تنازع بنا دیا جاتا ہے، حالانکہ ایسی باتوں سے مجھے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔
نازش جہانگیر نے کہا کہ یہ عام تاثر غلط ہے کہ تنازعات سے کسی اداکارہ کے کیریئر کو تقویت ملتی ہے، تنازع سے کیریئر نہیں بنتا، کبھی بھی کسی ایک بھی تنازع نے مجھے کوئی اضافی کام یا موقع فراہم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل تنازعات اور بے نیاد باتیں سن کر مجھے اکثر ایسا لگتا ہے کہ جیسے میں پاکستان کی کنگنا رناوت بن گئی ہوں، جو بولڈ بیانات اور تنازعات کے باعث خبروں میں رہتی ہیں۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ مجھے تنازع سے نفرت ہے کیونکہ ایک بار بات پھیل جائے تو اسے کنٹرول کرنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے، میں ہر غلط فہمی کی وضاحت نہیں کر سکتی اور نہ ہی ہر شخص کو سچائی سمجھا سکتی ہوں۔
نازش نے بغیر کسی نام لیے بتایا کہ مجھ سے جڑی ایک بڑی اور مشہور کنٹروورسی صرف اس لیے کھڑی کی گئی کیونکہ میں نے ایک شادی کا رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرے بارے میں عجیب و غریب افواہیں پھیلائی جاتی رہی ہیں، جس میں یہ دعویٰ بھی شامل ہے کہ میں خاموشی سے شادی کرچکی ہوں اور شوبز چھوڑ دیا ہے۔
نازش کا کہنا تھا کہ اگر میں کسی ڈرامے میں کچھ عرصہ نظر نہ آؤں تو لوگ خود بخود افواہیں گھڑ لیتے ہیں اور میری زندگی کے بارے میں غلط بیانیوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔