کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹیم کے دورہ بھارت کی ملتوی ہونے کی تصدیق کردی، کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے خط کے ذریعے بنگلہ دیش کو دورے کے حوالے سے آگاہ کیا، دورہ ملتوی کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں سیاسی کشیدگی کی وجہ سے دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش نےدسمبرمیں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے بھارت جانا تھا ۔ بنگلہ دیش اور بھارت ویمن ٹیموں کےدرمیان سیریز آئی سی سی ایف ٹی پی کا حصہ ہے۔ بی سی سی آئی کو حکومت کی جانب سے بنگلہ دیش ویمن ٹیم کےساتھ سیریز کی کلیئرنس نہیں ملی، بی سی سی آئی نےاگست میں بھارتی مینز ٹیم کادورہ بنگلہ دیش بھی ملتوی کیا تھا۔ بھارتی ٹیم اب اگلےسال ستمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔