لاہور(خالدمحمودخالد) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ اور معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ سنگل پیرنٹنگ انتہائی مشکل اور خوفناک تجربہ ہے۔ وہ یہ بیان کرنے سے قاصر ہیں کہ ایک سنگل پیرنٹ ہونے اور شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد انہیں ذمہ داریوں کا بوجھ کتنا بھاری محسوس ہورہا ہے۔ اداکار کرن جوہر کے ساتھ ایک انٹرویو میںثانیہ نے اپنے بیٹے اذھان کی پرورش اکیلے کرنے کے جذباتی اور عملی مشکل کے بارے میں بتایا کہ جب ہم کام کر رہے ہوتے ہیں تو بچوں کی تربیت کی حقیقی صورتحال بہت زیادہ مشکل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ایک مشکل کراس بارڈر بھی ہے۔ ان کے کام کا شیڈول کبھی دبئی میں ہوتا ہے تو کبھی بھارت میں۔ ہرماہ ایک ہفتہ کیلئے انہیں دبئی سے بھارت جانا پڑتا ہے جب کہ وہ اپنے بیٹے کو دبئی میں ہی چھوڑ جاتی ہوں۔ بیٹے سے دور رہنے کی وجہ سے وہ خود کو قصور وار سمجھتی ہیں۔ میرے لیے ایک ہفتے کے لیے بیٹے سے دور رہنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ ثانیہ مرزا نے اپنی تنہائی کے بارے میں بھی ایمانداری سے بات کی۔