پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان سعدیہ امام نے اپنی بیٹی میرب کی بیماری سے متعلق دل دہلا دینے والا واقعہ شیئر کر دیا۔
سعدیہ امام اپنے ہٹ ڈراموں جیسے الجھن، ہم سے جدا نہ ہونا، میرا نصیب، کالونی 52 اور دیگر کے لیے جانی جاتی ہیں، وہ نجی ٹی وی پر شوز بھی کر چکی ہیں، سعدیہ 2012 میں شادی کے بعد جرمنی منتقل ہوگئیں تھیں۔
سعدیہ امام نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ میری بیٹی کی بیماری میری لاپرواہی کی وجہ سے ہوئی۔
اداکارہ نے کہا کہ میرب 2014 میں پیدا ہوئی، جرمنی منتقل ہونے کے بعد جلد ہی حاملہ ہو گئی، لیکن اس کے بعد لوگ بار بار دوسرے بچے کے بارے میں سوال کرنے لگے، میں بیٹی سے متعلق لوگوں کی غلط مشوروں کا شکار تھی۔
انہوں نے کہا کہ میرب اگست میں جرمنی میں پیدا ہوئی تھی اور ستمبر، اکتوبر، نومبر میں وہاں کا موسم کتنا سخت ہوتا ہے، مجھے کہا گیا کہ اسے گرم کپڑے پہنا کے رکھو، لیکن میں نے نہیں سمجھا کہ گھر پہلے ہی گرم ہے، میں نے اسے ضرورت سے زیادہ لپیٹا اور بخار کی وجہ سے اسے پہلا دورہ پڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے شوہر عدنان فوری آئے اور ہم اسے اسپتال لے گئے، اس کے منہ سے جھاگ نکل رہے تھے، اس واقعے کے بعد اسے چار اور دورے پڑے، اب وہ سالانہ چیک اپ کرواتی ہے، وہ میری بے وقوفی کی وجہ سے بیمار ہوئی تھی، ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ایک بار بخار ہونے کے بعد نو سال تک ایسے دورے ہو سکتے ہیں۔