چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی قومی دفاع میں شاندار اور نمایاں خدمات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ افواج کیساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام کرتی رہے گی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور فضائی سرحدوں کے تحفظ میں پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کا اعتراف کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے تینوں مسلح افواج کے درمیان موجود ہم آہنگی کو سراہا اور کہا کہ یہ تعاون آنے والے برسوں میں مزید فروغ پاتا رہے گا۔