چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی سے ملاقات کے معاملے پر صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔
داہگل ناکے پر صحافیوں سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ ہر مرتبہ امید سے آتے ہیں کہ بانی چیئرمین سے ملاقات ہوگی، عدالتی آرڈر کے باوجود ملنے نہیں دیا جارہا، اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اتنی سختیاں برداشت کیں، ہم سمجھ رہے تھے اس دفعہ ہمارا مینڈیٹ قبول کیا جائے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہوتا ہمارا مینڈیٹ اب بھی قبول نہیں کیا جائے گا تو ہم ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیتے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہری پور کی ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہمیں نہیں دی گئی، ایک جیتی ہوئی سیٹ نہ دینا جمہوریت کے لیے اچھا شگون نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور میں ہم اپنی سیٹ کا دفاع نہیں کرسکے، اب خیبر پختونخوا اور ہر جگہ کسی اور کا سکہ چل رہا ہے، یہ ظلم ہے۔