ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی سیکیورٹی کے امور اور پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورانِ ملاقات خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایران سے قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور بدلتی جیو اسٹریٹجک صورتحال کے تناظر میں اسٹریٹجک تعاون کی بڑھتی اہمیت اُجاگر کی۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔
ایرانی سیکریٹری نے پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان ایران مکالمے اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ یہ باہمی تعاون علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور دیرپا استحکام کے لیے ضروری ہے۔