• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکاوٹیں نہ ہوتیں تو آج پاکستانی ایرانی گیس استعمال کر رہے ہوتے: علی لاریجانی

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی—فائل فوٹو
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی—فائل فوٹو

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان سے گیس پائپ لائن معاہدے کی اپنی ذمے داریاں پوری کر چکا، سرحد تک لائن مکمل ہے، اگر رکاوٹیں نہ ہوتیں تو آج پاکستانی گھرانے ایرانی گیس استعمال کر رہے ہوتے، امید ہے کہ گیس پائپ لائن کے معاملے میں جلد حل نکل آئے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، جب بھی پاکستان کہے گا تعاون کریں گے، پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا، پاکستانی قوم اور حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات ہمارے لیے تشویش کا باعث ہیں، جن کے حل کے لیے ہر راستہ اختیار کریں گے، فلسطین پر ایران کی تجویز واضح ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کو کھلے انتخابات کے ذریعے اپنا نظامِ حکومت خود منتخب کرنا چاہیے، امریکی تجاویز وقتی حل دیتی ہیں لیکن بڑے مسائل کو جنم دیتی ہیں۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ بین الاقوامی امن فورس جیسے حل دیرپا نہیں ہوتے، یہ مزید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، پاکستان کا غزہ میں کسی فورس میں شمولیت کا فیصلہ خود پاکستان پر منحصر ہے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی سے سوال کیا کہ پاکستان کی طرف سے ایران اور امریکا میں صلح کی کوششوں کو کس نگاہ سے دیکھتے ہیں؟

علی لاریجانی نے جواب دیا کہ پاکستان کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے، ایران پاکستان کی ہر تعمیری پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان نے مختلف مواقع پر مل بیٹھنے کی پیشکش کی، ہم ایسے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی مثبت اور تعمیری مصالحتی کوشش کا خیر مقدم کرے گا، ایران اور پاکستان کا باہمی تعاون درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، دونوں ممالک کا مشترکہ عزم ہے کہ خطے سے دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کیا جائے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدامات کے لیے مؤثر میکینزم بنایا ہے، ایران اور پاکستان مل کر ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہیں۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی خطے کے امن اور استحکام کے لیے بڑا چیلنج ہے، مشترکہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہیں۔

قومی خبریں سے مزید