پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ عاطف اسلم کے ساتھ کولیبریٹ کرنا چاہتے ہیں۔
حال ہی میں فرحان سعید نے معروف کامیڈین اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف امور پر کھل کر بات کی۔
دوران انٹرویو جب گلوکار و اداکار سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں کبھی موقع ملا تو وہ کس کے ساتھ کولیبریٹ کرنا چاہیں گے؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فرحان سعید نے خلافِ توقع گلوکار عاطف اسلم کا نام لے کر ہر ایک کی توجہ حاصل کرلی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں جل بینڈ کے پہلے وکلسٹ عاطف اسلم کے ساتھ کام کرنا چاہوں گا، یقیناً اس کولیبریشن کو مداح شدت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں گلوکار عاطف اسلم جل بینڈ کے لیڈ گلوکار تھے، تاہم انہوں نے بینڈ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، بعدازاں فرحان سعید نے جل بینڈ میں عاطف اسلم کی جگہ لی، جس پر انہیں عاطف اسلم کے مداحوں کی جانب سے طویل عرصے تنقید اور موازنے کا سامنا بھی کرنا پڑا۔