پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلیے وفاقی حکومت الٹی میٹم دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران شاہد خٹک نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ کل کوئی مظاہرہ نہ ہو، کوئی دھرنا نہ ہو تو شام 4 بجے تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروا دے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی گورنر راج نہیں لگا سکتا، صوبائی حکومت عوام کے ووٹوں سے آئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کسی کو گورنر راج لگانے کا شوق ہے تو پنجاب میں لگائے، خیبر پختونخوا میں گورننس کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا گیا، سہیل آفریدی 18، 19 گھنٹے کام کرنے والے شخص ہیں۔
شاہد خٹک نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں سے کوئی ہمدردی نہیں، چاہتے ہیں دہشت گردی کا جڑ سےخاتمہ ہو، ہمارا اعتراض طریقہ کار پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرگے میں 17 جماعتیں شریک تھیں، وہاں پر ڈسکس ہوا کہ امن کیسے بحال کرنا ہے، افغانستان کے حالات کا اثر خیبر پختونخوا پر آتا ہے، ایک وفد کو کابل بھیجنا چاہئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ افغان مہاجرین پر ہمارا موقف واضح ہے، جن لوگوں کو 45 سال تک رکھا گیا، انہیں درندگی کے ساتھ نکالا جا رہا ہے، انہیں عزت سے نکالتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین ہے! آئین تو پروٹیکشن دیتا ہے، ملک میں آئین معطل ہے، ہماری جدوجہد قانون کی بالادستی کےلیے ہے۔