• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی واقعہ، شوبز شخصیات حکومتی غفلت پر برس پڑیں

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

کراچی میں ننھے ابراہیم کی موت کے ہولناک سانحے میں شوبز شخصیات حکومتی غفلت پر برس پڑیں۔

ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ایک بار پھر انتظامی غفلت کے باعث رونما ہونے والے افسوسناک حادثے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

 شہر میں اکثر حادثات ڈمپروں کی لاپرواہی، ٹریفک کی خلاف ورزیوں اور کھلے مین ہولز کے باعث پیش آتے ہیں، ایسا ہی ایک انتظامی غفلت کا واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا، نیپا چورنگی کے قریب ایک اور دلخراش سانحے میں 3 سالہ ابراہیم کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

بچے کو بچانے کے لیے فوری طور پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں شروع کیں، تاہم طویل جدوجہد کے 14 گھنٹے بعد گلشنِ اقبال کے علاقے سے ایک نوجوان نے بچے کی لاش برآمد کی۔

اس المناک سانحے نے ناصرف شہریوں کو افسردہ کر دیا بلکہ پاکستان کی معروف فنکار برادری نے بھی شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ کئی اداکاروں نے والدین سے تعزیت کرتے ہوئے حکومتی اداروں کی غفلت اور کرپشن پر سخت تنقید کی ہے۔

اداکارہ مشی خان نے کراچی کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کی اصل ذمہ دار برسوں سے جاری بدانتظامی، کرپشن اور مجرمانہ غفلت ہے۔ 

انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں حکام کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے۔

اداکارہ فاطمہ آفندی نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں سوال اٹھایا کہ یہ جو ای چالان سے اربوں کھربوں مل رہے ہیں کیا ان سے مین ہولز کورز نہیں لگائے جاسکتے؟

اداکار احسن خان، امر خان، ریما خان اور نمرہ خان سمیت متعدد شوبز شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اور سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

فنکاروں کا کہنا تھا کہ شہر کی ابتر صورتحال اور مسلسل انتظامی ناکامیوں کی وجہ سے خطرناک بنتا جا رہا ہے اور معصوم جانیں اسی لاپرواہی کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید