لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ پر بالآخر قابو پا لیا گیا، 12 فائر ٹینڈر اور 2 اسنارکل نے آپریشن میں حصہ لیا۔
چیف فائر افسر ہمایوں خان کے مطابق آگ لگنے کے باعث عمارت گر چکی ہے، ہماری کوشش تھی کہ آس پاس کی فیکٹریوں کو محفوظ رکھا جائے۔
اس سے قبل آگ بے قابو ہو گئی تھی اور عمارت گرنے کے نتیجے میں 2 فائر فائٹرز زخمی ہو گئے تھے جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
آگ نے 2 ہزار گز پر بنی 3 منزلہ عمارت کو لپیٹ میں لیا تھا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ عمارت میں موجود تمام افراد کو نکال لیا گیا تھا۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق فیکٹری میں بڑی تعداد میں پرانے کپڑے بھی موجود تھے جن کی وجہ سے آگ پھیلتی گئی اور اس پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا۔
آگ لگنے کے بعد سی ای او کی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی اور شیر پاؤ ہائیڈرنٹ پر بھی ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر الرٹ کر دیا گیا تھا۔
واٹر کارپوریشن کی جانب سے جائے وقوع پر فوری طور پر واٹر ٹینکرز روانہ کیے گئے تھے۔