برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان ہاؤس لندن میں پاکستانی بینکوں کے چیئرمینز اور سی ای اوز پر مشتمل وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
یہ وفد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عنایت حسین کی قیادت میں لندن اور مانچسٹر میں منعقدہ ’’پاکستان ریمیٹنس سمٹ 2025‘‘ میں شرکت کر رہا ہے۔
وفد میں پاکستان کے تجارتی بینکوں کے سربراہان سمیت عالمی منی ٹرانسفر آپریٹرز کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ اراکین اور پاکستان دوست شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ دنیا میں سب سے بڑی، متحرک اور فیاض پاکستانی ڈائسپورا کی میزبانی کرتا ہے، جو مسلسل پاکستان کے لیے تین بڑے ریمیٹنس ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریمیٹنس میں نمایاں اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد اور حب الوطنی کا نتیجہ ہے۔ ساتھ ہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان ریمیٹنس انیشی ایٹو اور ملکی بینکوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری نے رقوم بھیجنے کے عمل کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔
ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ حالیہ اصلاحات نے پاکستان کے ریمیٹنس نظام میں شفافیت، مسابقت اور ڈیجیٹل جدت کو فروغ دیا ہے، جس کی بدولت پاکستان آج دنیا کے کم لاگت اور تیز ترین ریمیٹنس کوریڈورز میں شامل ہو چکا ہے۔