برطانوی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ کے اہم حساس ادارے ایم آئی 5 نے آئرش رپبلیکن آرمی کے ایجنٹ کو سنگین جرائم کرنے کی چھوٹ دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی پولیس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ داخلی سلامتی سے جڑی ایجنسی ایم آئی 5 نے آئرش رپبلیکن آرمی (IRA) سے جڑے ڈبل ایجنٹ کو نہ صرف جرائم کرنے کی چھوٹ دی بلکہ بعد میں اس کو ضابطے کی کارروائیوں سے بھی بچایا۔
یہ تحقیقات ایک دہائی پر محیط آپریشن کینووا کے حوالے سے سامنے آئی ہیں، جس میں آئی آر اے کے ایک اہم رکن نے برطانوی حساس ادارے کے لیے مخبری کی خدمات انجام دیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئرلینڈ میں آپریشنز کے دوران اسٹیک نائف نامی اس ایجنٹ نے 14 افراد کو اس وقت قتل کیا جو شمالی آئرلینڈ میں بہت برا وقت تھا۔
اس سارے معاملے میں مجموعی طور پر 3 ہزار 500 افراد کی جان گئی اور اس سلسلے کا خاتمہ 1998 میں طے پانے والے گڈ فرائڈے ایگریمنٹ پر ہوا۔
برطانوی پولیس کی یہ رپورٹ 160 صفحات پر مشتمل ہے، یہی رپورٹ بتاتی ہے کہ ایم آئی 5 نے ایجنٹ اسٹیک نائف کو اس وقت چھٹیوں پر بھیجا گیا تھا جب پولیس اس کو تلاش کررہی تھی۔