بارش ……
ایک بوڑھا بارش میں، چھتری لیے بس اسٹاپ پر کھڑا تھا۔
پہلی نظر میں وہ ایک ریٹائرڈ اسکول ٹیچر لگتا تھا۔
کئی بسیں آئیں اور گزر گئیں، مگر وہ یوں ہی کھڑا رہا۔
تجسس کے زیرِ اثر میرے قدم اس کی جانب بڑھنے لگے۔
"کیا آپ کسی کا انتظار کر رہے ہیں؟" میں نے پوچھا۔
"ہاں۔" بوڑھا مسکرایا۔ "اپنے بیٹے کا۔"
"اوہ… کیا وہ قریب کسی کالج میں پڑھتا ہے؟"
"نہیں۔" اس کی آواز کپکپا گئی۔ "دراصل بارہ برس پہلے…
وہ اس اسٹاپ سے گم ہو گیا تھا، تو اِس امید پر ہر شام چلا آتا ہوں
کہ شاید ایک دن۔۔۔ وہ لوٹ آئے۔"
بادل گرجا، بارش تیز ہوگئی، اور مجھے اچانک یوں لگا،
جیسے میں یہ بس اسٹاپ… پہلے بھی دیکھ چکا ہوں۔