ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ناروے کے سفیر کو آج وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ناروے کے سفیر سے اسلام آباد میں ایک عدالتی کارروائی میں بلا جواز ان کی شرکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ سفیر کی یہ شرکت سفارتی آداب اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے، سفیر کے اس اقدام سے پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کا تاثر ملتا ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ناروے کے سفیر کو ویانا کنونشن سے متعلقہ آرٹیکلز میں درج سفارتی اصولوں کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ناروے کے سفیر کو سفارتی طریقہ کار کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے، ان سے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ڈیمارش سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ناروے کے سفیر کو یہ ڈیمارش اسلام آباد میں ایک عدالتی سماعت میں ان کی شرکت کے باعث جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ دفترِ خارجہ نے آج ناروے کے سفیر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر ڈیمارش جاری کر دیا۔