نیشنل گیمز کی 10 ہزار میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیت کر سب کی نگاہوں کا مرکز بننے والی 9 برس کی کائنات امتیاز کو جمعرات کو ریس کے منتظمین نے 5 ہزار میٹر ریس میں شرکت سے رو ک دیا، جس پر کائنات مایوسی کے عالم میں رو پڑیں۔
نیشنل گیمز میں چند دن پہلے 9 برس کی کائنات امتیاز نے 10 ہزار میٹر ریس میں حصہ لیا تھا اور اپنے صوبے سندھ کے لیے برانز کی صورت میں پہلا میڈل جیتا تھا۔
نیشنل گیمز میں جمعرا ت کو طویل فاصلے کی ایک اور 5 ہز ار میٹر ریس شیڈولڈ تھی لیکن منتظمین نے کائنات کو 5 ہزار میٹر کی دوڑ میں شرکت سے روک دیا۔
منتظمین کے مطابق ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے قوانین کے تحت کائنات کم عمر ہونے کے سبب زطویل فاصلے کی دوڑ میں شرکت نہیں کر سکتیں۔
اس موقع پر کائنات حسرت سے 5 ہزار میٹر کی دوڑ شروع ہوتے ہوئے دیکھتی رہیں اورآخرکار اپنے کوچ سے لپٹ کر رو پڑیں۔
کائنات کے کوچ کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز میں کئی دیگر مقابلوں میں انڈر ایج ایتھلیٹس شریک ہیں لیکن اُن کو کوئی کھیلنے سے نہیں روک رہا ہے۔