وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ماضی میں کبھی آرمی چیف لگانے کے حکومتی اختیار کو چیلنج نہیں کیا گیا تھا، جنرل باجوہ نے فیلڈ مارشل کی تعیناتی رکوانے کے لیے دباؤ ڈالا اور دھمکیاں دیں، جنرل باجوہ نے پہلے فیض حمید کو چیف بنوانے کی کوشش کی بعد میں دیگر نام لائے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعیناتی پلٹانے کا منصوبہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا جنرل فیض حمید اور پی ٹی آئی کا مشترکہ منصوبہ تھا، جو بانیٔ پی ٹی آئی تنہا نہیں کر سکتے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل فیض حمید کے خلاف مزید مقدمات بننے کی گنجائش ہے، ان کے رابطے تھے، ریٹائرمنٹ کے باوجود نبض ان کے ہاتھ میں تھی۔