• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل گیمز: 59 سالہ عاصم قریشی کا ڈبلز ٹیبل ٹینس میں سلور میڈل جیت کر ریکارڈ قائم

—تصاویر بشکریہ رپورٹر
—تصاویر بشکریہ رپورٹر

نیشنل گیمز کے ٹیبل ٹینس ایونٹ میں عمر رسیدہ عاصم قریشی نے مکسڈ ڈبلز میں سلور میڈل جیت کر ریکارڈ قائم کر دیا۔

ویمنز فٹ بال کا ٹائٹل پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈاکو شکست دے کر اپنے نام کیا جبکہ سندھ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔

پاکستان آرمی نے 144 گولڈ میڈل حاصل کر کے ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے۔

اسلامیہ کلب سولجر بازار میں ہونے والے ٹیبل ٹینس کے فائنل میں واپڈا کے عاصم قریشی اور ساریہ فلک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔

بدقسمتی سے یہ جوڑی پنجاب کی فاطمہ خان اور اویس حسن کو زیر کرنے میں ناکام رہی اور سلورمیڈل حاصل کر سکی۔

59 سالہ عاصم قریشی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل کو ناصرف یادگار بنایا بلکہ زیادہ عمر کے کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے سلور میڈل جیت کر گیمز کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

ادھر ککری گرائونڈ لیاری میں کھیلے گئے ویمن فٹ بال کے میچ میں پاکستان آرمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان واپڈا کو 0-1 سے شکست دی۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے کے پی کے کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 0-12 سے شکست دی۔

میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں اورآفیشلز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

اختتامی تقریب میں سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اعظم خان، سیکریٹری ناصر احمد آسکانی اور آرگنائزنگ سیکریٹری طاہر بلوچ نے کھلاڑیوں میں انعامات پیش کیے۔

پاکستان آرمی نے مینز اور واپڈا نے ویمنز ایونٹ میں جنرل ٹرافی جیت لی۔

مینز میں پاکستان آرمی نے 16 گولڈ، 10 سلور اور 7 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ واپڈا نے 3 گولڈ، 8 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ دوسری اور نیوی نے 3 گولڈ، 1 سلور اور 1 برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ویمنز میں واپڈا نے 16 گولڈ، 4 سلور اور 2 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی، ایچ ای سی نے 2 گولڈ، 13 سلور اور 6 برانز میڈلز کے ساتھ دوسری اور آرمی نے 3 گولڈ، 1 سلور اور 8 برانز میڈلز کے ساتھ تیسر ی پوزیشن حاصل کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید