وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ریڈ لائنز کراس کرنے والے کی سیاست ختم شد ہے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نے آمریت کا بھی سامنا کیا ہے، سیاسی آمر بانیٔ پی ٹی آئی کا بھی سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے ن لیگ کو ختم کرنے کی کوشش کی، عوام ہمیں کارکردگی پر ووٹ دیتے ہیں، پنجاب کا کسی صوبے سے موازنہ کر لیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت سے مدد لینا، بھارتی ایجنڈا آگے بڑھانا، 9 مئی کیا یہ کوئی سیاسی جماعت کر سکتی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ریڈ لائنز کراس کرنے والے کی سیاست ختم شد ہے، فیض حمید کو ریڈ لائنز کراس کرنے پر سزا ہوئی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ہماری توجہ عوام کی زندگی بہتر بنانا ہے، دہشت گردی ختم کرنی ہے، جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا ان کا احتساب کیوں نہ ہو؟
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے بہت سارے فیصلے فیض حمید کے مشورے سے کیے تھے، کافی چانسز ہیں کہ حکومت سے نکلنے کے بعد جو کچھ ہوا ان کے مشورے پر ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور فیض حمید کا گٹھ جوڑ پوری دنیا کو پتہ ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کے گھر پر کیا پکنا ہے، اس کا فیصلہ بھی فیض حمید کرتے تھے۔
اُن کا کہنا ہے کہ بینفیشری تو اس سب میں پی ٹی آئی تھی، نقصان پاکستان کے عوام کا ہوا، ادارے خود احتسابی کر رہے ہیں، عدلیہ اور سیاسی جماعتوں کو بھی کرنی چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ یہ سب کچھ کرنے والا سیاست بھی کرے۔