ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان (آباد) کے چیئرمین حسن بخشی نے کہا ہے کہ کراچی میں بھتے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
کراچی میں آباد ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ 5 ماہ میں 10 ممبرز کو بھتے کیلئے کالز آئیں، دبئی اور ایران کے نمبروں سے 5 کروڑ روپے بھتے کی مد میں مانگے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں دن بدن بھتہ مافیا بلڈرز کو ہراساں کر رہی ہے، یہ لوگ پرچی پر اپنا نام اور نمبر دیتے ہیں لیکن کارروائی نہ ہونا تشویشناک ہے، 10 ممبران نے اس پر آباد میں شکایات درج کرائی ہیں۔
محمد حسن بخشی نے کہا کہ کراچی میں خوف و ہراس کی فضا قائم کی جا رہی ہے، پورے شہر میں سیف سٹی کیلئے کیمرے لگائے گئے، پوچھنا چاہتے ہیں ان کیمروں سے کتنے بھتہ خور پکڑے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کو تحفظ کب دیا جائے گا، کراچی میں صبح 6 بجے ایک وکیل کو اغواء کیا جاتا ہے، یہ لمحہ فکریہ ہے، کراچی کے لوگ اپنا کاروبار بیرون ملک منتقل کرنے پر مجبور ہیں، زمینوں کے قبضوں میں اب سرکاری افسران ملوث ہیں، سرجانی ٹاؤن میں ایک ممبر کی زمین پر قبضہ ہوا۔
چیئرمن آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ بھتوں، قبضوں سے ہٹ کر بات کریں تو ایف بی آر چھاپے مارتا ہے، ایس بی سی اے کے افسران کے آشیرواد سے غیرقانونی تعمیرات ہو رہی ہیں۔ کب تک خاموش رہیں، اب خاموش رہنا ممکن نہیں۔