پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کلاسیکل گلوکار استاد راحت فتح علی خان کی بیٹی اور میک اپ آرٹسٹ ماہین خان کے نکاح کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مختلف پیجز کی جانب سے شیئر کی گئی ماہین خان کے نکاح ویڈیو و تصاویر کا چرچہ ہو رہا ہے۔
حال ہی میں لاہور میں ماہین خان کا نکاح قریبی اہلِ خانہ کی موجودگی میں انجام پایا۔
اس موقع پر دلہن نے روایت کے برخلاف سنہری رنگ کی بغیر آستین، خوبصورت کڑھائی دار نفیس ساڑھی زیب تن کی، جس کے ساتھ میچنگ بلاوز اور لمبا نیٹ دوپٹہ اوڑھا گیا۔ ماہین نے اپنے لباس کو دیدہ زیب زیورات کے ساتھ مکمل کیا۔
دولہے نے دلہنیا سے میچنگ کرتے ہوئے سادہ سفید شیروانی پہن رکھی تھی، جبکہ جوڑا ایک دوسرے کے انداز کو خوبصورتی سے مکمل کرتا نظر آیا۔
تقریب کے دوران ماہین خان نے اپنے والدین، بھائیوں اور دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
اس سے قبل ماہین اور شایان کی قوالی نائٹ کی تصاویر و ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تھی۔ قوالی نائٹ میں راحت فتح علی کی جاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا تھا۔