کراچی میں کچھ وکلا کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے پر وکلا برادری نے آج سٹی کورٹس میں ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، صدر کراچی بار عامر نواز وڑائچ کا کہنا ہے کہ آج کسی پولیس اہلکار کو سٹی کورٹ میں نہیں آنے دیں گے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ کا کہنا ہے کہ رجب بٹ کے معاملے پر وکلا کی ایف آئی آر بھی درج کی جائے۔
واضح رہے کہ پیر کو سٹی کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر منگل کی صبح سٹی کورٹ تھانے میں وکلا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔
مقدمے کے اندراج کے خلاف وکلا کی بڑی تعداد رسالہ تھانے میں گھس گئی اور وہاں موجود ایس ایچ او سٹی کورٹ جہانگیر کے ساتھ بدتمیزی کی جبکہ انھیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اس کے بعد وکلا نے سٹی کورٹ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج شروع کردیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، لائٹ ہائوس سے ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے گئے۔
اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر وڑائچ کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کے معاملے پر جب تک وکلا کی ایف آئی آر درج نہیں ہوجاتی ہم احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم عدالتی نظام کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں پولیس اور وکلا ایک ساتھ ہیں کسی پر تشدد نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں دوپہر سے شروع ہونے والا احتجاج رات کو ختم ہوا جس کے بعد ایم اے جناح روڈ پر معمول کے مطابق ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔