گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے نئے سال کی آمد پر گورنر ہاؤس میں شاندار آتش بازی کا انعقاد کیا گیا۔
گورنر ہاؤس میں آتش بازی کا دلکش مظاہرہ 47 منٹ تک جاری رہا، جس نے آسمان کو رنگوں سے سجا دیا۔ اس موقع پر موجود ہزاروں شہریوں نے اس شاندار جشن کو دیکھ کر خوشی اور مسرت کا بھرپور اظہار کیا۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 2025 پاکستان میں عسکری، سفارتی اور معاشی بالادستی کا سال رہا۔ 2025 پاکستان میں ایس آئی ایف سی بالادستی کا سال رہا، جس کے مرکزی کردار چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر قرار پائے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں پاکستان پوری دنیا میں مرکز نگاہ بنا رہا، سال کے آخر میں ینگ کرکٹ ٹیم نے بھار ت کو شکست دے کر خوشیاں دوبالا کیں۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انڈیا کو ہرا کر 2025 میں قوم کو جو تحفہ دیا ہے اسے قوم ساری زندگی یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کی شکر گزار ہے۔ 2026 کے لئے دعا گو ہوں کہ سازشیوں اور ملک دشمن عناصر کو شکست ہوگی اور سازشی 2026 میں اپنے منطقی انجام تک پہنچے گے، اور عبرت کا نشان بنیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ 2025 کے اختتام پر میں کراچی سمیت پوری سندھ کی عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے گورنر ہاؤس کے ہر چھوٹے بڑے پروگرام میں شرکت کرکے میرا حوصلہ بڑھایا۔ انشا اللّٰہ 2026 میں ہم اس سے بھی بڑے پرگرامز کریں گے، جس میں عوامی خدمت اور ویلفیئر کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2026 میں بھی گورنر ہائوس کے دروازے عوام کے لئے کھلے رہیں گے۔