• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے کراچی بچاؤ مہم کا اعلان کر رہے ہیں: فاروق ستار

--اسکرین گریب
--اسکرین گریب

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے کراچی بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معیشت کے ہدف کو حاصل کرنے کےلیے کراچی بچاؤ مہم کا اعلان کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی اور امین الحق کے ہمراہ بہادرآباد مرکز میں پریس کانفرنس کی۔

اس دوران اِن کا کہنا تھا کہ کراچی میں گٹر میں بچے گر کر جاں بحق ہو رہے ہیں، ڈمپر کے حادثات میں نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی بقا و سلامتی کراچی کی بقا و سلامتی سے وابستہ ہے، کراچی کی تعمیر و ترقی سے ملک کا مستقبل منسلک ہے، کراچی کو وہ کردار دینا ہوگا جو ہمیشہ تعمیر اور ترقی میں اس کا رہا ہے۔

 فاروق ستار نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم ہے، کراچی میں کئی بنیادی سہولتیں پانی، سڑک، سیوریج اور دیگر مسائل ہیں جن کے حل کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے ملیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ  ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں جو کچھ ہو رہا یے سب کے سامنے ہے، کوٹا سسٹم تعلیم کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سب کے سامنے کراچی کے مسائل رکھیں گے اور کل جماعتی سیمینار رکھیں گے، کراچی میں جو کسر رہ جاتی ہے وہ ای چالان کے بھاری جرمانوں نے پوری کردی ہے، جعلی ڈومیسائل کا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے سب کو کراچی کی اہمیت کا احساس دلانا ہے۔ قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور سینیٹ کے اسپیکرز سے بھی رابطہ کریں گے، 23 اگست 2016ء کی پریس کانفرنس دیکھ لیں اس میں ہماری پالیسی واضح ہے، ہم نے 23 اگست جو تاریخی فیصلہ کیا تھا کہ یہ ایم کیو ایم پاکستان ہے،  یہ اگر کہیں سے چلے گی تو صرف اور صرف پاکستان سے چلے گی۔

اِن کا کہنا تھا کہ نیا سال 2026ء بہت ساری امیدیں اور توقعات لے کر آیا ہے، 2025ء میں 6 مئی کو ہم نے تاریخی معرکہ حق ہم نے مارا، اس کا سہرا فیلڈ مارشل کو جاتا ہے، عوام فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اب لوگوں کی توقع ہے کہ 2026ء میں ہمارا اگلا معرکہ، معرکۂ معیشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کہہ چکے کہ معاشی طور پر اب پاکستان کو بہتر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جماعت لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بنی ہے،  ہم نے ایم کیو ایم کے بانی سے علیحدگی اختیار کی اور اس پر ہم قائم ہیں، اس کے علاوہ جو کچھ ہوا وہ کسی کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے،  ڈاکٹرعمران فاروق کو شہید کیا گیا اور یہ دو حکومتوں کے سامنے بھی معاملہ آیا، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی تحقیقات کی اور پاکستان کے تحقیقاتی اداروں نے بھی۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کے دوران حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم کراچی کا مقدمہ پاکستان کی تمام اسمبلیوں میں رکھیں گے، کراچی کا انفرااسٹرکچر منصوبہ بندی کے تحت برباد کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید