دبئی(نمائندہ خصوصی) انڈر19ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان نے میزبان زمبابوے کو ہراکر تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ سمیر منہاس نے42 گیندوں پر انڈر 19 ون ڈے کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے بھارت کے ویبھائو سوریا ونشی کا 52 گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ توڑا۔ چیئرمین پی سی محسن نقوی نے ٹیم، کپتان فرحان یوسف اور کوچز کوفتح پر مبارکباد دی ہے۔ منگل کو ہرارے میں پاکستان نے 158رنز کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے 114 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی ۔ محمد شایان 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہوم ٹیم 44.4 اوورز میں 158 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ عمر زیب نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فائنل کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز عمر زیب کے نام رہا۔ سمیر منہاس پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔