• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شادمان ٹاؤن میں پولیس افسر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا، سی سی ٹی وی سامنے آگئی

کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا، ملزم پولیس افسر ہے جو واقعے کے بعد فرار ہوگیا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔

پولیس کے مطابق خاتون گھر سے باہر نکلی تو ملزم تبسم شیخ بھی وہاں پہنچا، تلخ کلامی کے بعد اس نے فائرنگ کردی، جس سے خاتون زخمی ہوگئی، جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئی۔ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ 

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون گھر کے دروازے پر کھڑی ہے، ملزم موٹر سائیکل پر آیا، خاتون پر فائرنگ کی اور فرار ہوگیا۔

ریسکیو اور پولیس حکام کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت نازیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ 

ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ خاتون کو شوہر نے شک کی بنیاد پر فائرنگ کرکے قتل کیا اور ملزم فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

 تاہم بعد میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ملزم پولیس افسر ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم تبسم شیخ ایس آئی یو میں تعینات سب انسپکٹر ہے اور مقتولہ اس کی دوسری بیوی تھی۔ 

عرفان بلوچ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید