پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دونوں ملکوں کے درمیان امیگریشن آسان بنانے کے لیے ’پری امیگریشن کلیئرنس‘ لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا جلد باضابطہ معاہدہ کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات کے ڈی جی کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی نے ملاقات میں پائلٹ منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
منصوبے کی کامیابی کے بعد نظام کو بتدریج مزید مقامات تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معاہدے کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور کلیئرنس پاکستان میں ہی ہوگی، مسافروں کو عرب امارات میں امیگریشن کی طویل کارروائی سے گزرنا نہیں پڑے گا۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ مسافر متحدہ عرب امارات پہنچنے پر ڈومیسٹک مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے۔