پاکستان اور امریکی افواج کی مشترکہ مشق انسپائرڈ گمبٹ سے دفاعی شراکت داری مزید مستحکم ہوگئی، امریکا نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مشق انسپائرڈ گمبٹ کو دفاعی تعلقات میں نئی جہت قرار دیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ رواں ہفتے امریکی اور پاکستانی فوج نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مشق انسپائرڈ گمبٹ کے دوران تربیت مکمل کی۔
اس مشترکہ مشق میں انفنٹری کی مہارتوں، جدید حکمتِ عملیوں اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی، مشق نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور عملی تعاون کو مزید مضبوط کیا۔
واضح رہے انسپائرڈ گمبٹ 2026 مشق 8 سے 16 جنوری 2026 تک منعقد کی گئی، 2 ہفتوں پر مشتمل مشق میں انسدادِ دہشت گردی پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
انسپائرڈ گمبٹ 1995 سے جاری دو طرفہ تربیتی سلسلے کی 13ویں کڑی ہے، امریکا اور پاکستان کی یہ مشترکہ تربیتی مشقیں دیرینہ دفاعی تعلقات کا مظہر ہیں۔