پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقات کی 2 بار کوشش کرچکے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات کے لیے 3 گھنٹے انتظار کیا مگر وہ مصروف تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے 2بارہ ملاقات کی کوشش کی، ڈویژن بینچ کے بعد ایک مرتبہ پھر جائیں گے، کوشش کریں گے تاریخ لے کر جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، بانی پی ٹی آئی سے تین بہنوں نے ملنا ہے، باقی لوگ یہاں اظہار یکجہتی کےلیے آتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات نہیں لگنے چاہئیں، صوبائی حکومت کو بھی ایسے کام نہیں کرنے چاہئیں، جن پر الزامات لگیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جو الزامات لگاتے ہیں ان سے گزارش ہے ثبوت بھی لائیں، اپوزیشن لیڈرز کے نوٹیفکیشن کو اچھا قدم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے کہا ہے کہ دونوں ہاتھ ملائیں تو بات بنے گی، حکومت مکے مارے گی تو لوگ پھر احتجاج ہی کریں گے۔