• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکنیکل کمیٹی نے گل پلازا کو مخدوش قرار دیتے ہوئے مکمل گرانے کی سفارش کردی

فوٹو: اے پی پی
فوٹو: اے پی پی 

تکنیکی کمیٹی نے گل پلازا کو مخدوش قرار دیتے ہوئے اسے مکمل گرانے کی سفارش کردی۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے گل پلازا کا دورہ کیا، تکنیکی کمیٹی نے گل پلازا کو مخدوش قرار دے دیا۔

کمیٹی نے سفارش کی کہ گل پلازا کو ریسکیو آپریشن کے بعد گرا دیا جائے، گل پلازا 8124 گز اور 1102 دکانوں پر مشتمل پلازا ہے۔

ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ گل پلازا میں ہفتے کی شب آگ لگنے کے بعد پورا پلازا جل گیا تھا، گل پلازا سے متصل عمارتوں کا بھی معائنہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی مدد سے سانحے سے متعلق رپورٹ تیار کرلی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ مصنوعی پھولوں کی دکان میں بچوں کے کھیلنے کے دوران لگی، ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، ابتدائی طور پر آگ دکان میں موجود سامان میں لگی اور بجلی کی تاروں میں پھیلی۔

آگ لگتے ہی عمارت میں موجود افراد خارجی راستوں کی طرف بھاگے، دروازے بند ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچی، عمارت میں بیشتر دکانیں کھلی ہوئی تھیں، عمارت کی چھت کے راستے پر بھی گرل لگی ہوئی تھی، آگ لگنے سے عمارت میں موجود سی سی ٹی وی سسٹم مکمل طور پر متاثر ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید