راجن پور میں کچا آپریشن کے دوران تین گینگز کے 41 ڈاکوؤں نے سرغنہ سمیت ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ آپریشن میں اب تک سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 95 ہو چکی ہے۔
ڈی پی او محمد عمران کے مطابق گرفتاری دینے والوں میں ڈاکو عطااللّٰہ پٹ، گورا عمرانی، ڈاڈو بیگیانی اور وہاب لوند بھی شامل ہیں جن کے سر کی قیمت پنجاب حکومت نے ایک کروڑ روپے مقرر کی تھی۔
سرنڈر کرنے والے ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، قتل، اغوا اور ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ڈاکوؤں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، کچا آپریشن کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈاکوؤں کے 21 ٹھکانے تباہ کیے جا چکے ہیں۔