ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر خودکش دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے خودکش دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔
جاں بحق ہونے والوں میں امن کمیٹی کے رکن وحید اللّٰہ محسود بھی شامل ہیں جبکہ نور عالم محسود زخمیوں میں شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر پر شادی کی تقریب کے دوران ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان دھماکے کی مذمت کی اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انتہائی افسوسناک واقعے کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔