ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر کئی کئی فٹ برف موجود ہے، رابطہ سڑکیں بند جبکہ سردی میں اضافہ ہوگیا۔
ہنزہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقے چیپورسن میں تیز ہواؤں سے متاثرین کی مشکلات بڑھ گئیں جبکہ زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، شدید سردی کے باعث متاثرین کا ہنزہ کے دیگر علاقوں کی جانب انخلا شروع ہوگیا ہے۔
استور میں مشرف چوک سے برفانی تودہ ہٹا کر ضلعی ہیڈکوارٹر تک سڑک بحال کردی گئی۔
مظفر آباد آزاد کشمیر میں شدید برف باری کے بعد شاہراہ لیپا شیر گلی سے ہر قسم کی آمد و رفت بند ہے۔
اپر ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں رات سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ کاغان شہر تک سڑک کلیئر کردی گئی۔
کل سے مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کی بالائی علاقوں میں داخلے کی پیشگوئی سامنے آئی ہے جبکہ اتوار کو بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔