• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر پنجاب سلیم حیدر کا دورۂ اسکاٹ لینڈ، پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے دورۂ اسکاٹ لینڈ کے دوران پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں پاکستانی کمیونٹی کے چیدہ چیدہ رہنماؤں سے خطاب کیا۔

اسکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے گورنر پنجاب کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی کمیونٹی اسکاٹ لینڈ کی زندگی کے ہر شعبے میں شاندار خدمات انجام دے رہی ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سنے اور کہا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، ہم زمینوں پر قبضوں، ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے فراڈ اور آپ لوگوں کے تحفظ کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اگرچہ مثالی نہیں لیکن یہ ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا سفر جاری ہے اور ان شاء اللّٰہ جاری رہے گا، بھارت کے ساتھ جنگ میں فتح کے بعد بیرونی دنیا میں پاکستان کے وقار میں زبردست اضافہ ہوا ہے، ہم اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہیں اور ہمارے میزائل دنیا کے کسی بھی کونے میں پہنچ سکتے ہیں، افواجِ پاکستان عوام سے ہیں اور استحکامِ پاکستان کے لیے ہمیں اپنی افواج کو پوری طرح سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ پاکستان کی مضبوط افواج ہی ایک مضبوط پاکستان کی ضامن ہیں۔

گور نر پنجاب کی اسکاٹ لینڈ آمد پر ایئرپورٹ پر ان کا استقبال قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید اور ممتاز سیاسی و سماجی رہنماؤں چوہدری اسلم اور چوہدری ندیم نے کیا۔

قومی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید