کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر بھر میں 418 سڑکوں کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت محکمہ انجینئرنگ کا اجلاس ہوا۔
میئر کراچی نے شہر کے انفرا اسٹرکچر سے متعلق بڑا اعلان کیا اور کہا کہ کراچی بھر میں مزید 418 سڑکوں کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی منظوری کا عمل جاری ہے، اس لیے جلد از جلد ٹینڈرز کا اجرا کیا جائے اور ترقیاتی کام فوری طور پر شروع کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے شہر کا انفرااسٹرکچر جلد بہتر ہو تاکہ کراچی کے عوام اس تبدیلی کو عملاً محسوس کر سکیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر کراچی کے لیے خصوصی پیکیج اور اضافی فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر کے دیرینہ مسائل حل کیے جا سکیں۔
اجلاس کے دوران میئر کراچی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور میونسپل کمشنر سمیرا حسین کو ہدایت کی کہ ہر منصوبے میں بیوٹیفکیشن کو بھی شامل رکھا جائے، شاہراہوں کو صرف مکمل ہی نہیں بلکہ خوبصورت بھی بنایا جائے۔
اجلاس میں مشیر مالیات گلزار ابڑو نے 418 سڑکوں کی نئی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔