• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی پرو لیگ کے میچ میں عدم شرکت پر مداحوں کا طنز، ’رونالڈو لاپتہ‘ پوسٹر وائرل

تصاویر:سوشل میڈیا
تصاویر:سوشل میڈیا

سعودی پرو لیگ میں النصر کے ایک اہم میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کی عدم شرکت کے بعد مداحوں نے منفرد اور طنزیہ انداز اپناتے ہوئے اسٹار فٹبالر کو چھیڑنا شروع کردیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ’لاپتہ فرد‘ کا پوسٹر وائرل ہو رہا ہے جس میں پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی تصویر شامل ہے، سعودی عرب کی سڑکوں پر نظر آنے والے اس پوسٹر میں روتے ہوئے رونالڈو کی تصویر کے ساتھ نمایاں طور پر ’لاپتہ‘ لکھا گیا ہے۔

وائرل پوسٹر میں عربی زبان میں درج ہے کہ ’یہ چالیس سالہ شخص حد سے زیادہ رونے کی کیفیت سے گزر رہا ہے اور اس کا خاندان اسے تلاش کر رہا ہے۔‘

یہ طنزیہ پوسٹر اس وقت سامنے آیا جب رونالڈو نے پیر کو النصر اور الریاض کے درمیان ہونے والا میچ نہیں کھیلا۔

 رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے حریف کلب الہلال کی جانب سے کریم بینزیما کو سائن کیے جانے پر ناراضگی کے اظہار کے طور پر میچ میں شرکت نہیں کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق النصر اور الہلال دونوں کو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی حمایت حاصل ہے، تاہم رونالڈو نے دونوں کلبوں کے درمیان مبینہ غیر مساوی حمایت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ رونالڈو خاص طور پر اس بات پر ناخوش ہیں کہ ان کے سابق ریال میڈرڈ کے ساتھی کریم بینزیما کو الہلال میں شمولیت کی اجازت دی گئی، جو اس وقت پرو لیگ کے ٹائٹل کی دوڑ میں النصر کا بڑا حریف ہے۔

اگرچہ رونالڈو پیر کے میچ میں شریک نہیں ہوئے، تاہم النصر نے یہ میچ 0-1 سے جیت لیا اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر الہلال سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔

النصر جمعے کو الاتحاد کے خلاف میچ کھیلے گا، جبکہ مداح اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا کرسٹیانو رونالڈو اس میچ میں شرکت کریں گے یا نہیں، اسی دوران ان کے سعودی عرب چھوڑنے سے متعلق قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید